Sunday, August 30

گیلانی کی کمبوڈیا کے بادشاہ سے ملاقات، وفد کی قیادت

Gilani Leads Delegation in Courtesy Call on Cambodian King

پنوم پن، 30 اگست 2026 (کامران راجہ): چیئرمین سینیٹ پاکستان اور بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے بانی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے دوسرے آئی ایس سی اجلاس کے موقع پر پنوم پن میں کمبوڈیا کے بادشاہ نورودوم سیہامونی سے ملاقات کے لیے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ ملاقات کے دوران سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دنیا کو درپیش بڑھتے ہوئے تنازعات اور معاشی چیلنجز کے دوران پارلیمانوں کا کردار انتہائی اہم ہے، انہیں مکالمے کا سلسلہ برقرار رکھنے اور اقوام کے درمیان پل بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس امن، تعاون اور ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تیسری بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس انڈونیشیا میں منعقد ہوگی۔ چیئرمین سینیٹ نے کمبوڈیا کے بادشاہ کی صحت اور ملک میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شریک ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’ہماری اقوام کے درمیان دوستی ہمیشہ قائم رہے۔‘‘