
اسلام آباد، 30 اگست 2026 (کامران راجہ): پاکستان نے مقررہ مدت سے پہلے 1,200 ارب روپے کا قرض ادا کردیا ہے، جو ملک کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی واحد قبل از وقت قرض ادائیگی ہے۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کی مجموعی قبل از وقت قرض ادائیگیاں تقریباً 6,000 ارب روپے تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اب تک تقریباً 5,920 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے پہلے ادا کرچکا ہے، جبکہ اس حالیہ ادائیگی نے اگست 2025 میں کی گئی 1,133 ارب روپے کی سابقہ ریکارڈ قبل از وقت ادائیگی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔خرم شہزاد کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران اب تک مجموعی طور پر 2,900 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے پہلے ادا کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے دوران اب تک مزید 1,200 ارب روپے کا قرض قبل از وقت ادا کیا جاچکا ہے۔ مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ قبل از وقت قرض ادائیگیوں سے ملک کے مجموعی قرض میں کمی آئے گی اور آنے والے برسوں میں بڑی قرض ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قرض مینجمنٹ اب روایتی ادائیگیوں سے آگے بڑھتے ہوئے سرکاری مالیاتی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے کی سمت گامزن ہے۔