کراچی، 8 ستمبر 2026 (کامران راجہ): ایم اے جناح روڈ پر واقع کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ہیڈ آفس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں میئر کراچی کا دفتر مکمل طور پر جل گیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ میئر کراچی کے دفتر سے متصل کچن میں لگی، جس پر تین فائر ٹینڈرز نے قابو پالیا۔ آتشزدگی کے باعث میئر کراچی کے دفتر کو شدید نقصان پہنچا تاہم حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لانڈھی پروسیسنگ زون میں واقع کپڑے کی فیکٹری میں بھی شدید آتشزدگی ہوئی تھی، جس کے باعث سامان اور دیگر اشیا جل کر خاکستر ہوگئیں، جبکہ ریسکیو حکام نے متاثرہ عمارت کو مخدوش قرار دے دیا تھا۔
