
ڈیرہ اسماعیل خان، 26 ستمبر 2026 (کامران راجہ): ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ میں امان میلہ پولیس چیک پوسٹ پر دھماکہ خیز مواد سے لدی گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔ ڈی آئی خان ریجنل پولیس آفیسر غلام مبشر میکن نے ابتدائی جائزے کے مطابق ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق افراد میں کوئی قانون نافذ کرنے والا یا سکیورٹی اہلکار شامل نہیں، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں کسٹمز اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔ جاں بحق افراد میں 9 مرد، 2 خواتین اور ایک کم عمر بچہ شامل ہے۔ پولیس اور ریسکیو 1122 کے مطابق ایک نامعلوم حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے لدی ٹریکٹر ٹرالی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی، جسے ڈی آئی خان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضیاء الدین احمد نے خودکش دھماکہ قرار دیا۔ دھماکے سے چیک پوسٹ کا بڑا حصہ تباہ جبکہ ساتھ واقع مکان مکمل طور پر منہدم ہوگیا، جبکہ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ پولیس، ریسکیو ٹیموں اور دیگر امدادی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی اور زخمیوں کی منتقلی کا عمل شروع کیا۔ دھماکے کی نوعیت کا تعین اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی کارروائیوں میں 25 سے زائد اہلکار، 6 ایمبولینسز اور ایک فائر وہیکل حصہ لے رہے ہیں، جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ڈی آئی خان سے مزید 4 ایمبولینسز بھی روانہ کی گئیں۔