
دبئی، 7 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): ڈیزرٹ وائپرز کے سی ای او فل اولیور نے پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کو انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) 2026 کے لیے ٹیم میں شامل کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ میں ان کے شاندار ریکارڈ اور قد کاٹھ کو سراہا ہے۔ بابر اعظم کو یکم اکتوبر کو دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں ہونے والی نیلامی کے دوران 80 ہزار ڈالر کی بنیادی قیمت پر خریدا گیا، جبکہ ڈیزرٹ وائپرز نے پاکستان کے اوپنر فخر زمان اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو بھی اسی قیمت پر ٹیم کا حصہ بنایا۔ وِزڈن سے گفتگو کرتے ہوئے فل اولیور نے کہا کہ بابر اعظم اعلیٰ معیار کے کھلاڑی ہیں اور مردوں کی ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں نمایاں رنز بنانے والوں میں شامل ہونے کے ساتھ پاکستان سپر لیگ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی میں ٹیم کے لیے متوازن اسکواڈ تشکیل دینا ضروری تھا اور بابر اعظم ان کی ترجیحات میں بہت اوپر تھے کیونکہ وہ ٹاپ آرڈر میں ٹیم کو مضبوطی فراہم کر سکتے ہیں۔ فل اولیور نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں ٹی 20 کرکٹ کھیلنے کے لیے بعض اوقات مختلف صلاحیتوں کی ضرورت ہوتی ہے اور ڈیزرٹ وائپرز اپنی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کے امتزاج سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے بابر اعظم کو ٹیم کے لیے اہم انتخاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرنچائز کو خوشی ہے کہ وہ نیلامی کے ابتدائی مرحلے میں ہی بابر اعظم کو حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔