Monday, August 3

پی ڈی ایم اے کا سیلابی الرٹ جاری، مون سون کا چوتھا اسپیل 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان

لاہور، 3 اگست 2026 (نوشین): پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سیلابی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا اسپیل 5 اگست تک جاری رہنے کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ کے مقام کالا باغ اور وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں کی صورتحال بھی قابو میں ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 73 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 66 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں پانی کا بہاؤ 3 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث وہاں نچلے درجے کا سیلاب رپورٹ ہوا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ مون سون کے دوران ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔