
لاہور، 19 ستمبر 2026 (غفران): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو مزید وسعت دیتے ہوئے باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نوجوان کرکٹرز کی شناخت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پروگرام کا آغاز قذافی اسٹیڈیم میں بیکن ہاؤس اور ایچی سن کالج کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوا، جس میں محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ سال پروگرام کو ملنے والے مثبت ردعمل کے بعد اس بار اسے نمایاں طور پر وسعت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال 1400 اسکول رجسٹرڈ کیے گئے ہیں، جن میں تقریباً 21 ہزار بچے حصہ لے رہے ہیں، جبکہ ملک کے 100 اضلاع میں تقریباً 2 ہزار 895 میچز کھیلے جائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد ملک بھر سے باصلاحیت نوجوانوں کی شناخت اور انہیں اعلیٰ سطح کی کرکٹ تک پہنچنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی ٹاپ 50 اسکولوں کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر خصوصی نظر رکھے گا اور انہیں اضافی سہولیات اور معاونت فراہم کی جائے گی۔ پی سی بی اسکول کرکٹ سے متعلق معاملات کی سال بھر نگرانی کے لیے ڈائریکٹر اسکولز کی نئی پوسٹ بھی قائم کرے گا۔ محسن نقوی کے مطابق پروگرام میں شریک نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو مزید تربیت اور ترقی کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال پروگرام میں 2 ہزار سے زائد اسکول رجسٹرڈ ہوں گے اور کہا کہ پی سی بی نوجوان کرکٹرز کے مستقبل پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ جاری اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل دسمبر میں کھیلا جائے گا۔