Saturday, November 21

پیئرس بروسنن اور جارج لیزنبی کی رابرٹ پیٹنسن کو جیمز بانڈ کے کردار میں خوش آمدی

Pierce Brosnan and George Lazenby Welcome Robert Pattinson to James Bond Legacy

لندن، 21 نومبر 2026 (غفران): جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے سابق اداکار پیئرس بروسنن اور جارج لیزنبی نے برطانوی خفیہ ایجنٹ کے مشہور کردار کے لیے منتخب ہونے پر رابرٹ پیٹنسن کو مبارک باد دیتے ہوئے انہیں دنیا کے خصوصی ترین کلبوں میں سے ایک کا حصہ بننے پر خوش آمدید کہا ہے۔ آئرش اداکار پیئرس بروسنن نے، جنہوں نے 1995 سے 2002 کے دوران چار فلموں میں 007 کا کردار ادا کیا، پیٹنسن کی ٹکسڈو پہنے اور ہاتھ میں پستول تھامے سیاہ و سفید تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں اس تجربے سے بھرپور لطف اندوز ہونے کا پیغام دیا۔ بروسنن نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’’آپ شاندار ثابت ہوں گے‘‘۔ انہوں نے پیٹنسن کے اداکاری کے سفر کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے متاثر کن کام کو دیکھنا خوشی کا باعث رہا ہے۔ گولڈن آئی اور ٹومارو نیور ڈائیز جیسی فلموں میں اداکاری کے لیے مشہور بروسنن نے ڈینیئل کریگ سے پہلے جیمز بانڈ کا کردار ادا کیا تھا۔ پیٹنسن کو ٹوائی لائٹ فلم سیریز میں ویمپائر کے کردار سے عالمی شہرت ملی جبکہ بعد ازاں انہوں نے بیٹ مین کا کردار بھی ادا کیا۔ وہ 2010 کی رومانوی فلم ریممبر می میں بروسنن کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔ بروسنن نے اپنے پیغام کا اختتام آئرش زبان کے الفاظ ’’گرا مور‘‘ سے کیا، جس کا مطلب ہے ’’بہت ساری محبت‘‘۔ دوسری جانب جارج لیزنبی نے بھی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے پیٹنسن کو خوش آمدید کہا۔ لیزنبی نے 1969 کی فلم آن ہز میجسٹی’ز سیکرٹ سروس میں جیمز بانڈ کا کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے 007 فلم سیریز کو ’’دنیا کا سب سے خصوصی کلب‘‘ قرار دیا۔ ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے کئی ماہ کی قیاس آرائیوں کے بعد پیر کو پیٹنسن کے انتخاب کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وہ ڈینیئل کریگ کی جگہ جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے ساتویں اداکار بن گئے ہیں۔