Wednesday, August 12

پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی، 11 اگست 2026 (کامران راجہ): سیکیورٹی فورسز نے 10 اگست 2026 کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے تیز رفتار آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ تھی، جس کا مقصد بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد پراکسیز کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بارودی آلات (آئی ای ڈیز) برآمد کرکے موقع پر ہی تباہ کر دیے۔ علاقے میں موجود ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے بعد ازاں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور عوام کے لیے دیرپا امن و سلامتی کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔