Saturday, November 7

پنجاب میں 8 نومبر کے ضمنی انتخابات، سکیورٹی کے لیے پاک فوج اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری

Punjab by-elections: Army and Rangers placed on standby for November 8 polling

لاہور، 6 نومبر 2026 (نوشین): وفاقی حکومت نے گوجرانوالہ اور ساہیوال میں 8 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور شفاف و پُرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور پنجاب رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ منظور شدہ سکیورٹی پلان کے مطابق دونوں فورسز 7 سے 9 نومبر تک اسٹینڈ بائی رہیں گی تاکہ انتخابات سے قبل، پولنگ کے دوران اور اس کے فوری بعد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ سکیورٹی انتظامات قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ ون اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال سکس میں کیے جائیں گے، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو ارکان اسمبلی کے انتقال کے باعث ضمنی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ وزارت داخلہ و انسدادِ منشیات نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 30 ستمبر اور 2 اکتوبر 2026 کو بھجوائی گئی درخواستوں کی روشنی میں تعیناتی کی منظوری دی۔ تین سطحی سکیورٹی پلان کے تحت پولنگ اسٹیشنز پر ابتدائی سکیورٹی کی ذمہ داری پولیس انجام دے گی، پنجاب رینجرز دوسرے درجے کی معاون فورس کے طور پر کام کرے گی جبکہ پاک فوج تیسرے درجے پر اضافی سکیورٹی معاونت فراہم کرے گی۔ حکام کے مطابق پاک فوج اور رینجرز معمول کی پولنگ سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بجائے اسٹینڈ بائی اور فوری ردعمل کے کردار میں رہیں گی۔ اس انتظام کا مقصد انتخابی عمل کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے، تشدد یا سکیورٹی خطرے کی صورت میں اضافی نفری کی فوری دستیابی اور تعیناتی یقینی بنانا ہے۔