
لاہور، 17 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں اور مقابلوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ سرکاری اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہفتے میں کم از کم ایک مرتبہ کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کریں، جبکہ اسکول اور مرکز کی سطح کے مقابلے 12 سے 23 اکتوبر تک ہوں گے۔ تحصیل سطح کے مقابلے 26 اکتوبر سے 6 نومبر تک، ضلع سطح کے مقابلے 10 سے 20 نومبر تک، جبکہ صوبائی سطح کے مقابلے 23 سے 27 نومبر تک منعقد کیے جائیں گے۔ کھیلوں کے گالا میں ہاکی، کرکٹ، بیڈمنٹن، والی بال، ٹیبل ٹینس، ایتھلیٹکس، فٹ بال اور شطرنج کے مقابلے شامل ہوں گے، جبکہ سرکاری اسکولوں میں تیراکی کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ضلعی تعلیمی حکام کو ٹیموں اور کھلاڑیوں کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تمام سرکاری اسکولوں کی انتظامیہ کو مقابلوں کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے شیڈول کو اہم ذمہ داری قرار دیا ہے۔