اسلام آباد، 4 اگست 2026 (نوشین): اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سرکاری خدمات کو مزید مؤثر اور آسان بنانے کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کے تحت پاکستان ہائی کمیشن لندن نے پنجاب میں واقع جائیدادوں کی براہِ راست ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بغیر پاکستان آئے محفوظ، تیز رفتار اور مؤثر انداز میں اپنی جائیداد منتقل کر سکیں گے۔ یہ اقدام وزیرِ اعظم کے اس وژن کے مطابق کیا گیا ہے جس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور قونصلر خدمات کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت جائیداد کی منتقلی کا پورا عمل ایک محفوظ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
اس نئے طریقۂ کار کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی کے لیے نہ تو پاور آف اٹارنی بنوانے کی ضرورت ہوگی، نہ کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی۔ یہ ڈیجیٹل نظام شفافیت، رفتار، مؤثریت اور کم لاگت کو یقینی بناتے ہوئے جائیداد مالکان کے مفادات کا بھرپور تحفظ فراہم کرتا ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق اس سہولت سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو صرف جائیداد کی منتقلی کے لیے پاکستان آنے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے ان کے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں بچت ہوگی۔
اس اقدام کی کامیاب عملداری کے طور پر مسٹر فضل اور ان کے اہلِ خانہ کی جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی نئے نظام کے تحت کامیابی سے مکمل کی جا چکی ہے، جو اس سہولت کی افادیت اور قابلِ اعتماد ہونے کا عملی ثبوت ہے۔پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کی براہِ راست ڈیجیٹل منتقلی کے عمل میں ہر ممکن معاونت فراہم کرتا رہے گا اور جدید، شفاف اور عوام دوست قونصلر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
