
اسلام آباد، 22 اگست 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کے روز ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں آئندہ ہفتوں کے دوران ہونے والی پاکستان کی اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اہم بنیادی ترجیحات پر زور دیتے ہوئے آئندہ سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کے سفارتی مقاصد کو آگے بڑھانے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آئندہ سفارتی سرگرمیوں کے لیے جاری تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور ان کی کامیاب تکمیل کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور حکام کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان کی سفارتی ترجیحات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور اعلیٰ سطحی سفارتی روابط کے ذریعے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔