Tuesday, September 29

پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر

واشنگٹن ڈی سی، 28 ستمبر 2026(کامران راجہ): چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری یک جان اور دو قالب ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف واضح اور دوٹوک انداز میں عالمی برادری کے سامنے پیش کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔

رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس کے دوران او آئی سی کے رابطہ گروپ میں شامل رکن ممالک نے بھی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے مطابق ہی ممکن ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی کا حصول بھی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے۔

چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی نے مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر اجاگر کیا، جبکہ خطے میں کشیدگی نے جنوبی ایشیا کو ایک مرتبہ پھر سنگین خطرات سے دوچار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے بعد ان کے واشنگٹن دورے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کے دیرپا اور پائیدار حل کی جانب مبذول کرانا ہے۔

اس موقع پر سفیر پاکستان برائے امریکہ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے انسانی مشکلات اور بنیادی حقوق کے مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ تنازعۂ کشمیر کی حل طلب حیثیت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تناظر میں ایک اہم بین الاقوامی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان اپنا مؤقف قانون اور تاریخ کی بنیاد پر عالمی سطح پر پیش کرتا رہے گا۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ کامیابی کے لیے معیشت اور سیاست سمیت مختلف شعبوں میں توجہ، مستقل مزاجی اور مسلسل محنت ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

ملاقات کے اختتام پر چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔