Sunday, September 13

پاکستان نے ملائیشیا کو شکست دے کر جونیئر ایشیا کپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

Pakistan Outplay Malaysia to Secure Bronze in Junior Asia Cup 

 ہولن بوئیر، 13 ستمبر 2026 (غفران): پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے کانسی کے تمغے کے میچ میں ملائیشیا کو 4-2 سے شکست دے دی۔ موکی ٹریننگ بیس میں کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا نے ابتدائی طور پر 2-0 کی برتری حاصل کی، ایڈم اشرف جوہری نے 11ویں منٹ میں فیلڈ گول کیا جبکہ دو منٹ بعد شفیق عمار فہمی سوزینی نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے ملائیشیا کی برتری دگنی کردی۔ تاہم پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے رانا عبدالصمیع کے ذریعے 34ویں اور 47ویں منٹ میں دو گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ اس کے پانچ منٹ بعد محمد شہیر نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلادی، جبکہ 56ویں منٹ میں ولید رانا نے پنالٹی اسٹروک کو کامیابی سے گول میں تبدیل کرکے پاکستان کی فتح یقینی بنادی۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ بی کے اپنے چاروں میچز جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ گرین شرٹس نے اپنے سفر کا آغاز قازقستان کے خلاف 15-0 کی شاندار فتح سے کیا، جس کے بعد چین کو 4-2 اور ملائیشیا کو 5-2 سے شکست دی۔ پاکستان نے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کو 3-0 سے شکست دے کر ناقابل شکست رہتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی۔ تاہم سیمی فائنل میں کوریا نے پاکستان کو 4-1 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کی امیدیں ختم کردی تھیں۔ ملائیشیا کے خلاف کانسی کے تمغے کی فتح کے ساتھ پاکستان نے جونیئر ایشیا کپ میں اپنی شاندار مہم کا کامیاب اختتام کیا۔