Sunday, August 2

پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس تیمور نے شمالی بحیرۂ عرب میں پھنسے ماہی گیر جہاز کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا

کراچی، 31 جولائی   2026(کامران راجہ): پاکستان نیوی نے ایک بروقت اور منظم سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران شمالی بحیرۂ عرب میں خراب موسم کے باعث سمندر میں پھنسے فشنگ ویسل ایف وی ال جلالی  کو کامیابی سے امداد فراہم کرتے ہوئے محفوظ مقام تک پہنچا دیا۔ یہ ماہی گیر کشتی گوادر سے تقریباً 120 ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کے باعث سمندر میں بے یار و مددگار ہو گئی تھی۔ کشتی میں سوار 19 افراد، جن میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل تھے، خراب موسمی حالات اور مون سون کے باعث شدید خطرے سے دوچار تھے۔ کشتی سے موصول ہونے والی ہنگامی اطلاع پر جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر  نے فوری طور پر پاکستان نیوی سے رابطہ کیا، جس کے بعد پاکستان نیوی کے جنگی جہاز پی این ایس تیمور کو سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے روانہ کیا گیا۔

پاکستان نیوی کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں کشتی میں موجود تمام افراد کو بروقت خوراک، پینے کا صاف پانی اور طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں خراب کشتی کو محفوظ طریقے سے ٹو کر کے ساحل کی جانب منتقل کر دیا گیا۔ یہ کامیاب آپریشن پاکستان نیوی کے اس غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے کہ وہ سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے اور کسی بھی بحری ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ پاکستان نیوی مستقبل میں بھی ملکی اور علاقائی سمندری حدود میں سرچ اینڈ ریسکیو کی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت ردعمل کے ساتھ انجام دیتی رہے گی۔