Sunday, October 25

پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر کیا جائے گا

Pakistan to Establish First-Ever Theme Park in Islamabad with Saudi Investment

اسلام آباد، 25 اکتوبر 2026 (نوشین): پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر کیا جائے گا، جس کے لیے سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے جبکہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔ اس اہم منصوبے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔ محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی۔ معاہدے کے تحت سعودی سرمایہ کار اسلام آباد میں تھیم پارک کے منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے جبکہ سی ڈی اے اس مقصد کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب سے آنے والے معزز مہمانوں کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے بنیادی ڈھانچے کو جدید ترین شہروں کے معیار کے مطابق ترقی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے تھیم پارک منصوبے کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے روڈ شو منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔ سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ تقریب میں سی ڈی اے کے ارکان اور سعودی وفد کے دیگر اراکین نے بھی شرکت کی۔