Thursday, October 22

پاکستان جنوری 2027 سے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس کے نئے اسٹیٹس کے لیے درخواست دے گا

Pakistan to Seek Fresh EU GSP+ Status from January 2027

اسلام آباد، 22 اکتوبر 2026(کامران راجہ): پاکستان موجودہ جنرلائزڈ سسٹم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) فریم ورک کی دسمبر 2026 میں مدت ختم ہونے کے بعد جنوری 2027 سے یورپی یونین کے ساتھ نئے جی ایس پی پلس انتظام کے حصول کے لیے درخواست دے گا۔ تاہم، دو سالہ رعایتی مدت کے تحت موجودہ انتظام 31 دسمبر 2028 تک برقرار رہے گا، جس دوران یورپی کمیشن اور یورپی پارلیمنٹ نئی اسکیم کو حتمی شکل دے سکیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اگلے جی ایس پی پلس انتظام کے لیے اہلیت حاصل کرنے کی غرض سے پاکستان کو سفارتی سطح پر بھرپور لابنگ کرنا ہوگی اور سخت شرائط پر عمل درآمد کی صلاحیت بہتر بنانا ہوگی۔ پاکستان سمیت موجودہ مستفید ممالک یکم جنوری 2027 سے نئے جی ایس پی پلس ضابطے کے نافذ العمل ہونے کے بعد درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ تجارتی مراعات کے لیے اپنی اہلیت برقرار رکھنے کی غرض سے پاکستان کو نظرثانی شدہ قواعد کے تحت اہم ترجیحات پر توجہ دینے اور بین الاقوامی وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہوگی۔ دریں اثنا، یورپی یونین کے سفیر رائیمونداس کاروبلس نے کراچی میں پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کی قیادت سے ملاقات کی، جس میں جی ایس پی پلس اور مستقبل کے تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران یورپی سفیر نے جی ایس پی پلس کے فوائد جاری رکھنے کے لیے موجودہ بین الاقوامی وعدوں پر مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے 21 ستمبر کو اقوام متحدہ کی 81ویں جنرل اسمبلی کے موقع پر یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالس سے ملاقات میں پاکستان کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے لیے جی ایس پی پلس اسکیم کی اہمیت اجاگر کی تھی۔ اسحاق ڈار نے تجارت اور اقتصادی تعاون سمیت یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری کو پاکستان کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے جی ایس پی پلس کو دوطرفہ اقتصادی تعلقات کا اہم جزو قرار دیا۔ انہوں نے حالیہ علاقائی پیش رفت کے دوران پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کے تعمیری روابط کو بھی سراہا اور کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر یورپی یونین کی تعریف کی۔