Saturday, August 22

پاکستان اور ملائیشیا کا دہشت گردی اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

Pakistan, Malaysia Agree to Strengthen Cooperation Against Terrorism and Drug Trafficking

اسلام آباد، 22 اگست 2026 (کامران راجہ): پاکستان اور ملائیشیا نے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے ملائیشین ہم منصب سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل کے درمیان ہفتہ کو اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ ملائیشین وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے دہشت گردوں اور منشیات کے اسمگلروں کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے اور دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے کوسٹ گارڈز کے درمیان تعاون، تربیتی پروگرامز اور استعداد کار بڑھانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کو کوسٹ گارڈ کے شعبے میں ملائیشیا کے تجربات سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ہے۔ دونوں ممالک نے پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تربیتی پروگرامز، تجربات کے تبادلے اور پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کے ذریعے تعاون مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور ادارہ جاتی روابط کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کرے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملائیشین وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے میں معاون ثابت ہوگا۔ وزیر داخلہ نے ملائیشیا کے ترقیاتی تجربے کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کی ترقی سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔ ملاقات میں سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات آسان بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے ملائیشیا کو پاکستانی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش منزل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویزا سہولیات میں آسانی سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، تربیت، سیاحت اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔