Tuesday, August 25

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کا عزم

Pakistan Seeks Strategic Economic Partnership with Saudi Arabia

اسلام آباد، 25 اگست 2026 (غفران): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے، جو سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات اور احترام کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ شہزادہ منصور کا موجودہ دورہ سابقہ بات چیت کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔

سعودی وفد نے زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سعودی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حکومت سے حکومت اور کاروبار سے کاروبار کی سطح پر تعاون بڑھانے کے لیے موجودہ وقت انتہائی موزوں ہے۔ شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط مزید مستحکم کرنے میں سعودی حکومت اور کاروباری برادری کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا۔ سعودی کاروباری وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کر رہا ہے۔ملاقات میں وفاقی وزراء، مشیران، وزیر مملکت، معاون خصوصی برائے وزیراعظم اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔