Tuesday, September 22

پاکستان، روس اور عمان کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز

Pakistan, Russia and Oman Begin Joint Military Exercises

راولپنڈی، 22 ستمبر، 2026 (کامران راجہ): پاکستان نے روس اور عمان کے ساتھ دو مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے، جن کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کی تربیت، آپریشنل رابطہ کاری اور فوجی مہارتوں کا تبادلہ ہے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشق ’’دروژبا 9‘‘ جبکہ پاکستان اور عمان کی مشترکہ مشق ’’الوشق الجبل 2‘‘ کا آغاز منگل کو ہوا۔ ’’دروژبا 9‘‘ کا انعقاد چراٹ میں جبکہ ’’الوشق الجبل 2‘‘ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں کی جا رہی ہے۔ مشقوں میں پاک فوج، روسی فوج اور رائل آرمی آف عمان کے دستے حصہ لے رہے ہیں، جو دو ہفتوں تک جاری رہیں گی۔ مشقوں میں انسدادِ دہشت گردی کی مشقیں، طریقہ کار، آپریشنل تکنیک اور مشترکہ تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شریک افواج آپریشنل تجربات اور بہترین طریقہ کار کا تبادلہ کریں گی، جبکہ مشترکہ تربیت سے فوجی دستوں کی جنگی صلاحیتوں، حربی مہارتوں، باہمی تعاون، رابطہ کاری اور مواصلاتی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی۔ مشترکہ فوجی مشقوں کا مقصد پاکستان اور شریک ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا بھی ہے۔