Monday, August 24

وفاقی وزیر احسن اقبال کی پاکستانی نژاد امریکی برادری سے پاکستان کی معاشی ترقی میں شراکت کی اپیل

نیویارک، 17 جولائی 2026 (غفران): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال نے نیویارک میں پاکستان کے قونصل خانے کی جانب سے پاکستانی نژاد امریکی برادری کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے پاکستان کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ تقریب میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان اور پاکستانی نژاد امریکی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے مفادات کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے میں اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا۔

سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے ملکی ترقی کے لیے مسلسل عزم اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری، ترسیلاتِ زر اور علم و مہارت کی منتقلی کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، اور ان پر زور دیا کہ وہ قومی ترقی کے عمل میں اپنی شمولیت کو مزید بڑھائیں۔ اپنے کلیدی خطاب میں وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی، جس کا مقصد معاشی استحکام کی بحالی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے “اڑان پاکستان” کو حکومت کا قومی ترقی کا جامع وژن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ برآمدات میں اضافہ، جدت، ڈیجیٹل تبدیلی، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، انسانی وسائل کی ترقی اور علم پر مبنی معیشت کے فروغ جیسے اہم ستونوں پر استوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اس قومی وژن کی تکمیل میں ناگزیر شراکت دار ہیں اور انہیں سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی، جدت طرازی اور تعلیمی تعاون کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی نژاد امریکی برادری کی مسلسل حمایت اور خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ قریبی رابطے برقرار رکھے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت سرمایہ کاری، جدت طرازی اور طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے ساتھ ایک تعمیری اور پُرجوش تبادلۂ خیال ہوا، جس میں پاکستانی نژاد امریکی برادری کے اراکین نے اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی پائیدار، جامع اور خوشحال ترقی میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔