
اسلام آباد، 15 ستمبر 2026 (غفران): وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو بارش سے متاثرہ علاقوں میں عوام کی امداد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور متعلقہ صوبائی محکموں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی، جس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ لنک سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور مون سون کے دوران امدادی سامان کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے۔ ملاقات میں این ڈی ایم اے چیئرمین نے وزیراعظم کو جاری مون سون سیزن کے متوقع موسمی رجحان اور شدید بارشوں و ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبوں اور اداروں کے باہمی تعاون سے کی جانے والی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق متعلقہ اداروں نے مون سون سیزن کی مؤثر نگرانی کے لیے پیشگی اقدامات کیے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے یقین دہانی کرائی کہ ملک بھر کے تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی اور ریسکیو کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔