نیویارک، 25 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی اور پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے ان کے مسلسل تعاون کے عزم کو سراہا۔ وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور رواں سال ان کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقات کا خوشگوار انداز میں ذکر کیا۔ شہباز شریف نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات، بالخصوص سماجی خدمت اور شہری فلاح و بہبود کے شعبوں میں کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک سے وابستہ اداروں کی جانب سے مالیاتی شمولیت اور سیاحت کے فروغ کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کو بھی سراہا اور ان شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع سے بھرپور استفادے کی ضرورت پر زور دیا۔ پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے خیرسگالی کے جذبات پر اظہار تشکر کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدہ دورے کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں جانب دوستی اور تعاون کے دیرینہ روابط کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
