Sunday, August 23

وزیراعظم شہباز شریف کی جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات، اہم سیاسی امور پر مشاورت

PM Shehbaz Sharif Meets Nawaz Sharif at Jati Umra, Consults on Key Political Affairs

لاہور، 23 اگست 2026 (نوشین): وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کے لیے جاتی امرا پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں اہم سیاسی معاملات اور حکومت کی آئندہ حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے ممکنہ اتحاد اور اس کے سیاسی اثرات بھی ملاقات میں زیر بحث آئے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور سامنے آنے والی سیاسی پیش رفت سے نمٹنے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ملاقات کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان اہم قومی اور سیاسی معاملات پر جاری مشاورت کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔