Tuesday, November 10

وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ روانہ

PM Shehbaz Departs for Türkiye to Attend COP31 Leaders’ Summit

اسلام آباد، 10 نومبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج کے 31ویں کانفرنس آف پارٹیز (کوپ 31) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے منگل کو ترکیہ روانہ ہوگئے، اجلاس 10 سے 12 نومبر تک منعقد ہوگا۔ وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی بھی ترکیہ گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 11 نومبر کو سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم پاکستان میں شمسی توانائی کے فروغ، قابل تجدید توانائی کی استعداد میں اضافے اور صاف ستھری و موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والی معیشت کی جانب منتقلی کے لیے حکومتی اقدامات کو اجاگر کریں گے۔ وہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قبل از وقت وارننگ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنانے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے قابل پیش گوئی، مناسب اور قابل رسائی موسمیاتی مالی معاونت کی فراہمی پر بھی زور دیں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کوپ 31 کی صدارت کی جانب سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے گول میز اجلاس میں شرکت کریں گے اور ترک قیادت سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔