Sunday, August 16

وزیراعظم شہباز شریف کا انڈونیشیا میں زلزلے سے جانی نقصان پر اظہار افسوس

PM Shehbaz Expresses Grief Over Loss of Lives in Indonesia Earthquake

اسلام آباد، 16 اگست 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انڈونیشیا میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے انڈونیشیا کے صدر پربووو سوبیانتو، انڈونیشیا کے عوام اور زلزلے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ہمدردیاں اور دعائیں زلزلے سے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔ وزیراعظم نے انڈونیشیا کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں انڈونیشیا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔انہوں نے قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کے لیے حوصلے، استقامت اور طاقت کی دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ زخمی افراد جلد صحت یاب ہوں گے اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کا عمل تیزی سے مکمل ہوگا۔