Wednesday, August 12

وزیراعظم شہباز شریف کا اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد، 11 اگست 2026 (غفران): قومی اقلیتی دن کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور ایک پرامن، برداشت پر مبنی اور متحد معاشرے کے قیام کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک متنوع معاشرہ ہے جہاں مختلف مذاہب، ثقافتوں، قومیتوں اور روایات سے تعلق رکھنے والے لوگ باہمی ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان، قیام پاکستان اور ملکی ترقی و قومی تعمیر میں اقلیتی برادریوں نے اہم کردار ادا کیا ہے اور اقتصادی، تعلیمی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی شعبوں میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتی برادریوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نیشنل کمیشن فار منارٹیز ایکٹ 2025 کے نفاذ کو ایک اہم قومی سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کے فروغ کے لیے انٹر فیتھ ہارمنی پالیسی 2025 بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد مذہبی آزادی کا تحفظ، بین المذاہب مکالمے کا فروغ اور بلا امتیاز مساوی مواقع کی فراہمی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت نیشنل پالیسی فار کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم 2024 پر بھی عملدرآمد کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں، متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی کے تعاون سے ہر شہری، بالخصوص اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور ایک پرامن، روادار اور متحد پاکستان کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔