
لندن، 18 ستمبر 2026 (غفران): وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے، جہاں قیام کے دوران ان کا طبی معائنہ بھی ہوگا۔ وزیراعظم 20 ستمبر کو لندن سے امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ دورہ لندن کے دوران وزیراعظم کی مختلف ملاقاتوں اور دیگر مصروفیات متوقع ہیں، تاہم ان کے شیڈول کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں کریں گے اور عالمی امن کے لیے پاکستان کے کردار، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔ وزیراعظم امریکا میں مقیم اوورسیز بزنس فورم کے نمائندوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔ امریکا سے واپسی پر وزیراعظم دوبارہ لندن جائیں گے اور دو سے تین روز قیام کے بعد وطن واپس پہنچیں گے۔