Tuesday, September 15

نیویارک دنیا کے 100 بہترین اسپورٹس سٹیز کی درجہ بندی میں سرفہرست، پاکستان کا کوئی شہر فہرست میں شامل نہیں

New York Tops World’s 100 Best Sports Cities Ranking; No Pakistani City Makes List

لاہور، 15 ستمبر 2026 (نوشین): نیویارک کو 2026 کے لیے دنیا کا بہترین اسپورٹس سٹی قرار دے دیا گیا ہے، نیویارک گزشتہ درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر تھا جبکہ پاکستان کا کوئی بھی شہر دنیا کے ٹاپ 100 اسپورٹس سٹیز میں جگہ نہیں بنا سکا۔ سوئٹزرلینڈ میں قائم ادارے برسن کی جانب سے جاری کردہ 2026 اسپورٹس سٹیز رینکنگ کے مطابق پیرس مسلسل تین سال پہلے نمبر پر رہنے کے بعد دوسرے نمبر پر آگیا جبکہ لاس اینجلس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس درجہ بندی میں کھیلوں کی عالمی صنعت سے مضبوط تعلق رکھنے والے 100 شہروں کا جائزہ لیا گیا، جس میں ماہرین، کھیلوں کے میڈیا نمائندگان اور بین الاقوامی کھیلوں کے رہنماؤں کی آرا کے علاوہ سوشل میڈیا سرگرمیوں اور میڈیا کوریج کا بھی تجزیہ شامل ہے۔ نیویارک کی پہلی پوزیشن کی ایک اہم وجہ این بی اے چیمپئن شپ اور فیفا ورلڈ کپ فائنل سمیت بڑے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی قرار دی گئی ہے۔ لندن چوتھے، میڈرڈ پانچویں، بارسلونا چھٹے، میلان ساتویں اور لوزان آٹھویں نمبر پر رہے جبکہ مانچسٹر نے دسویں پوزیشن حاصل کی۔ واشنگٹن 11ویں اور میامی 12ویں نمبر پر رہے۔ دیگر بڑے عالمی شہروں میں ٹوکیو 16ویں، سڈنی 24ویں اور دبئی 29ویں نمبر پر رہے۔ ممبئی نے 51ویں اور نئی دہلی نے 65ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ سعودی عرب کا ریاض 68ویں نمبر پر رہا۔ کیپ ٹاؤن 85ویں، جدہ 98ویں اور جاپان کا ساپورو 99ویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی مضبوط روایات اور کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد کے باوجود 2026 کی اس درجہ بندی میں کوئی بھی پاکستانی شہر دنیا کے 100 بہترین اسپورٹس سٹیز میں جگہ نہیں بنا سکا۔