
ویلنگٹن، 18 ستمبر 2026 (غفران): نیوزی لینڈ نے کہا ہے کہ اس نے یورپی یونین کے ساتھ ایسوسی ایٹ رکن بننے کے حوالے سے کوئی مذاکرات نہیں کیے، یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یورپی یونین نے کینیڈا کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کی تجویز پر غور شروع کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ایسوسی ایٹ رکنیت کے حوالے سے یورپی یونین کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ کینیڈا کو یورپی یونین کا پہلا ایسوسی ایٹ رکن بنانے کی راہ ہموار کرنا چاہتی ہیں تاکہ اتحادی ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط کیے جا سکیں۔ یورپی پارلیمنٹ کی صدر روبرٹا میٹسولا نے کہا کہ مستقبل میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط کر سکتے ہیں۔ آسٹریلوی وزیر تجارت ڈان فیرل نے بھی کینیڈا کی یورپی یونین کے ساتھ قریبی تعلقات کے لیے کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔