
دبئی، 07 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان کی بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرا سندھو نے ہانگ کانگ کے خلاف اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کے میچ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی جانب سے بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ قائم کردیا۔ 28 سالہ نشرا سندھو نے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں 6 وکٹیں لینے والی پہلی پاکستانی باؤلر بن گئیں۔ ان کے 6 وکٹوں کے عوض 7 رنز کے اعدادوشمار پاکستان کی مردوں اور خواتین دونوں کرکٹ میں ٹی20 انٹرنیشنل کی بہترین باؤلنگ ہیں۔ نشرا سندھو کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے ہانگ کانگ کو 19 اوورز میں 71 رنز پر آل آؤٹ کرکے 72 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے، شوال ذوالفقار نے 35 گیندوں پر 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے شامل تھے، جبکہ عائشہ ظفر نے 26 اور کپتان فاطمہ ثنا نے 24 رنز بنائے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے کیری چان 47 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ پاکستان اب 11 ستمبر کو ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کا مقابلہ کرے گا۔