Sunday, August 23

نجی حج اسکیم 2027 کے لیے ادائیگیوں کا عمل شروع

Private Hajj Scheme 2027 Payment Process Begins

اسلام آباد، 23 اگست 2026 (نوشین): وزارت مذہبی امور نے نجی حج اسکیم 2027 کے درخواست گزاروں سے واجبات کی وصولی کا عمل شروع کردیا ہے اور عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ تمام بکنگ اور ادائیگیاں سرکاری حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے مکمل کریں۔ وزارت کے مطابق درخواست گزار ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مجاز حج آرگنائزر کا انتخاب اور اپنی پسند کا حج پیکیج منتخب کرسکتے ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج کمپنیوں کو عازمین سے براہ راست ادائیگیاں وصول کرنے کی اجازت نہیں۔ نجی حج اسکیم کے تحت تمام مالی لین دین سرکاری حج پورٹل کے ذریعے ہی کیا جائے گا۔ عازمین حج کو غیر مجاز ایجنٹس یا افراد کو رقم دینے سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ سرکاری نظام سے ہٹ کر کی جانے والی کسی بھی لین دین کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی ذمہ داری درخواست گزار پر ہوگی۔ وزارت نے عازمین کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ حج آرگنائزرز کو براہ راست نقد رقم یا چیک کے ذریعے ادائیگی نہ کریں۔ نجی حج اسکیم کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ درخواست گزار سرکاری پورٹل کے ذریعے اپنی پسند کی حج کمپنی اور پیکیج منتخب کرسکتے ہیں، جبکہ نئی رجسٹریشن کا عمل بھی حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے جاری ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق نجی حج اسکیم 2027 کے تحت 71 ہزار 696 عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔