Thursday, August 6

ناروے میں بیٹر فیوچر پاکستان کیمپ کے دوران 15 سالہ پاکستانی فٹبالر لاپتہ

 اوسلو، 6 اگست 2026 (نوشین): ناروے میں بیٹر فیوچر پاکستان کے فٹبال کیمپ میں شریک 15 سالہ پاکستانی فٹبالر پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا، جس کے بعد مقامی پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بیٹر فیوچر پاکستان کے مطابق نوجوان کھلاڑی کیمپ انتظامیہ کو اطلاع دیے یا اجازت لیے بغیر کیمپ سے چلا گیا، جس کے بعد سے اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ کھلاڑی اپنی مرضی سے کیمپ سے گیا ہے اور تاحال اغوا یا کسی مجرمانہ کارروائی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ منتظمین کے مطابق کھلاڑی کے آخری مرتبہ دیکھے جانے کے تقریباً 20 منٹ بعد ناروے کی پولیس کو اطلاع دے دی گئی تھی، جس پر پولیس نے فوری طور پر تلاش کا آپریشن شروع کرتے ہوئے ضروری قانونی کارروائی کا آغاز کیا پاکستانی ٹیم ناروے کپ میں شرکت کے لیے اوسلو گئی تھی، جہاں یہ ٹورنامنٹ 25 جولائی سے یکم اگست تک منعقد ہوا۔ بیٹر فیوچر پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ کیمپ میں شریک دیگر تمام پاکستانی کھلاڑی بحفاظت وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ تنظیم نے کہا ہے کہ وہ ناروے کی پولیس اور متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ لاپتہ نوجوان کھلاڑی جلد اور بحفاظت مل جائے گا۔