Tuesday, August 4

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے اردن روانہ ہوں گے

اسلام آباد، 4 اگست 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار آج رات اردن کے ہاشمی مملکت کے دارالحکومت عمان روانہ ہوں گے، جہاں وہ 5 اگست 2026 کو یروشلم سے متعلق منعقد ہونے والے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ دعوت اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ و سمندر پار اردنیوں کے امور کے وزیر ایمن الصفدی کی جانب سے دی گئی ہے۔ اس اہم اجلاس میں عرب لیگ کے رکن ممالک اور پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے، جہاں مقبوضہ یروشلم میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر مشترکہ اور متفقہ مؤقف اختیار کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

دورے کے دوران شریک وزرائے خارجہ اردن کے فرمانروا، شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے بھی ملاقات کریں گے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اجلاس کے موقع پر شریک ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں فلسطین سمیت خطے کی مجموعی صورتحال، علاقائی پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت فلسطینی عوام کے ساتھ اس کی اصولی اور غیرمتزلزل حمایت کا واضح اظہار ہے۔ پاکستان ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، جو 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ پاکستان اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور پائیدار حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔