
اسلام آباد، 23 اکتوبر 2026 (نوشین): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار جمعہ کو آر فور اور آر فور پلس ای تھری کے وزارتی اجلاسوں میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے استنبول روانہ ہوگئے۔ آر فور میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر شامل ہیں، جبکہ آر فور پلس ای تھری میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس بھی شریک ہوں گے۔ ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کی دعوت پر نائب وزیراعظم آج استنبول میں آر فور وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے، جس کے بعد آر فور پلس ای تھری وزرائے خارجہ اجلاس منعقد ہوگا۔ یہ ساتوں ممالک کے درمیان اس فارمیٹ میں پہلا اجلاس ہوگا۔ ان اجلاسوں میں اہم علاقائی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے، علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مربوط سفارتی حکمت عملیوں پر غور کیا جائے گا۔ دورے کے دوران سینیٹر محمد اسحاق ڈار اپنے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان اجلاسوں میں پاکستان کی شرکت تعمیری سفارت کاری، علاقائی تعاون اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔