Tuesday, November 3

مہمند میں پولیو ٹیم پر حملہ، دو پولیس اہلکار شہید، ایک زخمی

Two Policemen Martyred in Attack on Polio Vaccination Team in Mohmand

اسلام آباد، 3 نومبر 2026 (کامران راجہ): خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں پولیو ویکسینیشن ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضا محمد خان کے مطابق واقعہ منگل کے روز تھانہ پنڈیالی کی حدود میں واقع علاقے تمنزئی میں انسداد پولیو مہم کے دوران پیش آیا۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت ظہور اور عربی کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی اہلکار صابر کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ڈی پی او کے مطابق حملے کے دوران ایک مبینہ حملہ آور بھی زخمی ہوا جبکہ واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دونوں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کی بہادری، فرض شناسی اور قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کی مہم میں مصروف اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ صدر مملکت نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی اہلکار کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار ملک کے روشن اور صحت مند مستقبل کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں، ایسے واقعات ناقابل قبول ہیں اور حملے میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دوسری جانب ضلع ٹانک میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے چار پولیو ورکرز کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا جبکہ لوئر جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک سے اغوا کیے گئے پولیو ٹیم کے دو ارکان کو بعد ازاں رہا کردیا گیا۔ ملک کے 97 منتخب اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم 2 نومبر سے شروع ہوئی ہے جو 8 نومبر تک جاری رہے گی۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق رواں سال خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے پولیو کا ایک اور کیس بھی رپورٹ ہوا ہے، جہاں 13 ماہ کی بچی میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ان واقعات نے انسداد پولیو مہم کے دوران ویکسینیشن ٹیموں کے تحفظ اور سکیورٹی انتظامات کی اہمیت کو مزید اجاگر کردیا ہے۔