
راولپنڈی، 6 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان کی مسلح افواج نے 61ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر وطن عزیز کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غازیوں اور شہدا کے اہل خانہ سے گہری عقیدت اور تشکر کا اظہار کیا ہے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ستمبر قومی اتحاد، عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کی لازوال علامت ہے، جو 1965 کی جنگ کے دوران مادر وطن کے دفاع کے لیے پاکستانی قوم کے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ پاکستان کے شہدا نے فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین روایات قائم کیں، جبکہ ان کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ آئی ایس پی آر نے شہدا کے اہل خانہ کی ہمت اور استقامت کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ان غازیوں کو سلام پیش کیا جو بہادری، ثابت قدمی اور فرض شناسی کے ساتھ ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور پرامن بقائے باہمی اور ذمہ دارانہ طرز عمل کے لیے پرعزم ہے، تاہم اس عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ یوم دفاع و شہدا کے موقع پر مسلح افواج نے پاکستان اور اس کے عوام سے غیر متزلزل وفاداری کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عزت، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ اپنی مقدس ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں گی۔