Tuesday, November 3

محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کی خبروں کی تردید کردی

Mohammad Amir Denies Reports of Joining Indian Premier League

اسلام آباد، 3 نومبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ محمد عامر برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد آئی پی ایل میں کھیلنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔ تاہم کرکٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ کے ذریعے ان خبروں کی تردید کردی۔ محمد عامر نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ آئی پی ایل میں ان کی شرکت سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔ سابق پاکستانی فاسٹ بولر رواں سال مئی میں برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد برطانوی شہری بن گئے تھے۔ حال ہی میں انہوں نے برطانوی شہری کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے بھی رجسٹریشن کروائی تھی، جس کے بعد آئی پی ایل میں ان کی ممکنہ شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔ محمد عامر کے تازہ بیان نے ان کی آئی پی ایل میں شرکت سے متعلق خبروں اور قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیا ہے۔