
اسلام آباد، 19 ستمبر 2026 (غفران): حکام نے لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد کے توسیع شدہ ریڈ زون کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام 5 راستے مکمل طور پر بند کیے جائیں گے، ہر راستے پر کنٹینرز کی 2 تہیں لگائی جائیں گی جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ توسیع شدہ ریڈ زون سیل رہے گا اور صرف ہنگامی صورتحال میں کھولا جائے گا۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے افسران اور اہلکاروں کی تمام اقسام کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق کیژول، ارنڈ اور غیر ملکی سفر کی چھٹیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ہنگامی چھٹی کے علاوہ تمام چھٹیاں فوری طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ سرکلر میں چھٹی پر موجود افسران اور اہلکاروں کو بھی فوری طور پر ڈیوٹی پر واپس آنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ چھٹیوں پر پابندی 5 اکتوبر 2026 تک برقرار رہے گی۔