اسلام آباد، 31 جولائی2026 (کامران راجہ):حکومتِ پاکستان لائیڈز مارکیٹ ایسوسی ایشن کی جوائنٹ وار کمیٹی کی جانب سے پاکستان کو وار رسک انشورنس کے لسٹڈ ایریازسے خارج کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے۔ یہ اہم پیش رفت حکومتِ پاکستان کی مسلسل اور مربوط کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہیں لندن میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے مؤثر انداز میں مربوط کیا۔ یہ فیصلہ پاکستان کے حوالے سے عالمی برادری کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور ملک کے بہتر ہوتے ہوئے سکیورٹی اور معاشی ماحول کا واضح مظہر ہے۔
حکومتِ پاکستان اس عمل کے دوران مثبت اور تعمیری تعاون پر لائیڈز مارکیٹ ایسوسی ایشن کا بھی شکریہ ادا کرتی ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں سمندری جہاز رانی اور وار رسک انشورنس کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس سے بین الاقوامی تجارت کو فروغ ملے گا، پاکستانی بندرگاہوں کی مسابقت میں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔ حکومتِ پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ملک میں اقتصادی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ، تجارتی سہولتوں اور عالمی تجارت میں پاکستان کے مؤثر کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
