
راولپنڈی، 22 ستمبر، 2026 (کامران راجہ): فرانس کے سیکریٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نکولس روش نے پاکستان میں فرانسیسی سفیر کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فرانس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فرانسیسی سیکریٹری جنرل نکولس روش نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے میں فرانس کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔