Friday, September 11

فٹبال فار اسکولز پروگرام: 30 لاکھ طلبہ کو 3 ہزار سرکاری اسکولوں میں شامل کرنے کا ہدف

Football for Schools Programme Targets 3 Million Students Across Pakistan

اسلام آباد، 11 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے پاکستان میں فیفا فٹبال فار اسکولز پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 3 ہزار سرکاری اسکولوں کے 30 لاکھ طلبہ کو فٹبال کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد نچلی سطح پر فٹبال کے فروغ اور ملک میں فٹبال کے مضبوط کلچر کو پروان چڑھانا ہے۔ فیفا کے سینئر فٹبال فار اسکولز منیجر انتونیو بوئینو سانچیز کی سربراہی میں فیفا کے انسٹرکٹرز کی رہنمائی میں 50 سے زائد ماسٹر ٹرینرز اپنی تربیت مکمل کر چکے ہیں۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں پی ایف ایف کے اعلیٰ حکام، فیفا، وزیرِاعظم یوتھ پروگرام اور یونیسکو کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے پروگرام کے آغاز کو پاکستان فٹبال کے لیے تاریخی دن قرار دیا اور کہا کہ فیڈریشن کی حکمتِ عملی میں گراس روٹس فٹبال کی ترقی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 ہزار اسکولوں کے ذریعے 30 لاکھ طلبہ تک رسائی کا ہدف ایک محتاط اندازہ ہے اور پی ایف ایف مستقبل میں اس پروگرام کو مزید وسعت دے گی۔ پروگرام کے تحت اسکولوں میں ایک لاکھ 62 ہزار فٹبالز بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ سید محسن گیلانی نے پاکستان میں فٹبال کے لیے بنیادی ڈھانچے کی کمی کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کا آغاز سرکاری اسکولوں سے کیا جا رہا ہے، جبکہ اسکولوں اور اساتذہ کے انتخاب کے لیے معیار فیفا نے وضع کیا ہے اور اسکولوں کی نشاندہی وزیرِاعظم یوتھ پروگرام اور یونیسکو سمیت پی ایف ایف کے شراکت داروں کے تعاون سے کی گئی ہے۔ پی ایف ایف اسکولوں کو وسیع فٹبال نظام سے منسلک کرنے کے لیے ضلعی اور علاقائی فٹبال ایسوسی ایشنز کو بھی پروگرام میں شامل کرے گی۔ فیفا کے انتونیو بوئینو سانچیز نے کہا کہ فٹبال فار اسکولز پروگرام پاکستان کے نوجوانوں پر بڑے پیمانے پر مثبت اثر ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام پہلے ہی 154 ممالک میں نوجوانوں کو فائدہ پہنچا چکا ہے۔

پروگرام کے تحت تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز اپنے اضلاع میں واپس جا کر مزید اساتذہ کو تربیت دیں گے، جس سے مختصر مدت میں تقریباً 450 ٹرینرز کا نیٹ ورک قائم ہونے کی توقع ہے۔ فیفا اساتذہ کو اردو زبان میں فٹبال فار اسکولز ایپ تک رسائی بھی فراہم کرے گا۔ پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد کھوکھر نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں فٹبال کے مضبوط کلچر کو فروغ دینے، شائقین کی تعداد بڑھانے اور کھیل کو تجارتی بنیادوں پر مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پی ایف ایف کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر عدیل رزقی نے کہا کہ موجودہ مرحلہ پروگرام کا صرف آغاز ہے اور مستقبل میں شامل کیے جانے والے اسکولوں اور اضلاع کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فیفا ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ اسکیم (ٹی ڈی ایس) جنوری 2027 میں شروع کی جائے گی، جس کے ذریعے فٹبال فار اسکولز سمیت مختلف پروگراموں سے ابھرنے والے کم عمر باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت اور ان کی منظم تربیت کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ پاکستان میں یونیسکو کے نمائندے فواد پاشایف نے کہا کہ فٹبال نوجوانوں کی ترقی، ذہنی مضبوطی، سماجی شمولیت اور مثبت معاشرتی تبدیلی کے لیے مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔ وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن اور رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول نے کھیلوں کے ذریعے بچوں کی ہمہ جہت ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کو حقیقی معنوں میں جامع بنایا جائے اور بالخصوص لڑکیوں کو بھی فٹبال میں حصہ لینے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ فٹبال فار اسکولز پروگرام کے ذریعے ملک بھر کے بچوں کو فٹبال کی مہارت کے ساتھ اعتماد، ثابت قدمی، دوستی اور قیادت کی صلاحیتیں فروغ دینے کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ یہ اقدام پاکستان میں ایک وسیع اور پائیدار فٹبال نظام کی بنیاد رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔