اسلام آباد، 20 اگست 2026 (نوشین): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کردیا۔ مولانا فضل الرحمان نے محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، جس میں سیاسی اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جے یو آئی (ف) کے رہنما کامران مرتضیٰ اور مولانا واسع بھی مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ تھے، جبکہ اچکزئی کی جانب سے اخونزادہ حسین یوسفزئی اور اسد قیصر موجود تھے۔ ملاقات سے قبل میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر یہ معاملہ ان کے اختیار میں ہوتا تو پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو اب تک علاج کی سہولت مل چکی ہوتی۔ ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں موجود اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب پیش رفت کے لیے اصولی اتفاق رائے ہو گیا ہے، جبکہ مشترکہ پارلیمانی لائحہ عمل اور باہمی سیاسی رابطوں کے حوالے سے مزید مشاورت جاری رہے گی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مشترکہ مفادات کے معاملات پر مل کر کام کریں گی اور پارلیمانی سطح پر باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
