
اسلام آباد، 18 نومبر 2026 (نوشین): غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے باوجود بدھ کے روز اسرائیلی ڈرون حملوں میں دو فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ طبی ذرائع اور مقامی عینی شاہدین کے مطابق وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں 35 سالہ فادی ناہید اسماعیل اسرائیلی ڈرون حملے میں جاں بحق ہوئے۔ الاقصیٰ شہداء اسپتال کے ایک طبی ذریعے کے مطابق انہیں شہر کے پولیس اسٹیشن کے قریب نشانہ بنایا گیا، جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسی مقام کے قریب ایک اور کواڈ کاپٹر ڈرون نے کھڑی گاڑی پر بم گرایا۔ دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے المغازی پناہ گزین کیمپ کے مشرقی علاقے میں فلسطینی گھروں کو بڑے پیمانے پر مسمار کیا۔ مقامی اطلاعات کے مطابق گھروں کی چھتوں پر دھماکا خیز مواد سے بھرے ڈبے گرائے گئے، جنہیں بعد ازاں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اڑا دیا گیا، جس سے مکانات اور اطراف کے علاقوں کو شدید نقصان پہنچا۔ غزہ شہر کے جنوب مغربی علاقے شیخ عجلین میں اسرائیلی حملے کے بعد 32 سالہ ثائر اسماعیل الوادیہ کی لاش اور متعدد زخمیوں کو الشفا اسپتال منتقل کیا گیا۔ ادھر جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے مشرق میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں سے رہائشی عمارتوں اور بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کی جانب شدید فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ موجودہ جنگ بندی 10 اکتوبر 2025 کو نافذ ہوئی تھی، تاہم اس کے بعد بھی مختلف علاقوں میں حملوں اور دیگر خلاف ورزیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اسرائیلی کارروائیوں میں کم از کم ایک ہزار 650 فلسطینی جاں بحق اور 5 ہزار 975 زخمی ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق اور ایک لاکھ 76 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں کے باعث غزہ کے تقریباً 90 فیصد بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ اقوام متحدہ نے علاقے کی تعمیر نو پر تقریباً 71.4 ارب ڈالر لاگت کا تخمینہ لگایا ہے۔