Saturday, November 21

غزہ میں امدادی سامان تقسیم کرنے والی گاڑی پر اسرائیلی حملہ، 3 فلسطینی شہید

Israeli Strike Kills Three Palestinians in Gaza Aid Distribution Vehicle

یروشلم، 21 نومبر 2026 (کامران راجہ): غزہ شہر میں ہفتے کے روز اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید ہوگئے، حملے کا نشانہ بننے والی گاڑی مبینہ طور پر عالمی امدادی تنظیم ورلڈ سینٹرل کچن کے لیے خوراک کا سامان لے جا رہی تھی۔ غزہ کی وزارت صحت اور عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں پیک شدہ کھانے پینے کی اشیا اور ایسی دستاویزات موجود تھیں جن پر ورلڈ سینٹرل کچن کا لوگو درج تھا، یہ تنظیم محصور فلسطینی علاقے میں شہریوں کو انسانی بنیادوں پر خوراک فراہم کرتی ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے علاقے میں متعدد مشتبہ عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی فوری طور پر وضاحت کی کہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف دکھائی دینے والی گاڑی کو کیوں نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے عینی شاہد ابو زین الدایہ نے بتایا کہ گاڑی بچوں میں کھانا اور مشروبات تقسیم کرنے کے لیے رکنے ہی والی تھی کہ اسے میزائل سے نشانہ بنا دیا گیا۔ حملے کے بعد پکے ہوئے چاولوں کے کھانے گاڑی کے اردگرد بکھر گئے جبکہ گاڑی کا کچھ حصہ متاثرین کے خون سے آلودہ تھا۔ ورلڈ سینٹرل کچن نے واقعے پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ یہ واقعہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے تسلسل کے دوران پیش آیا ہے اور 2024 کے اس حملے کی یاد تازہ کرتا ہے جس میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ورلڈ سینٹرل کچن کے سات امدادی کارکن ہلاک ہوگئے تھے، جن میں آسٹریلیا، برطانیہ اور پولینڈ کے شہری بھی شامل تھے۔ اس وقت اسرائیلی فوج نے کارروائی میں سنگین غلطیوں اور ضابطوں کی خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا تھا، تاہم 2026 میں اس نے کہا کہ واقعے پر فوجداری تحقیقات شروع کرنے کی کوئی بنیاد نہیں ملی۔ رواں ہفتے کے آغاز میں بھی اسرائیلی فوج نے غزہ میں مختصر زمینی کارروائی کی تھی، جبکہ اس سے قبل ایک ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں چھ فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے۔ اکتوبر 2025 میں امریکی حمایت سے ہونے والی جنگ بندی کے نتیجے میں تباہ حال غزہ میں بڑے پیمانے پر لڑائی تو رک گئی تھی، تاہم اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں اور حماس کو غیر مسلح کرنے کا معاملہ بھی حل نہیں ہوسکا۔ فلسطینی اور اسرائیلی اعدادوشمار کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک کم از کم 1600 فلسطینی اور پانچ اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس وقت اسرائیلی فوج غزہ کے تقریباً دو تہائی علاقے پر قابض ہے، جبکہ جنگ بندی کے آغاز پر اس کا کنٹرول نصف سے کچھ زیادہ علاقے تک محدود تھا اور حماس کا کنٹرول غزہ کے ساحلی علاقے کی ایک مختصر پٹی تک رہ گیا ہے۔