
قاہرہ، 23 اگست 2026 (نیوز ڈیسک): فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اتوار کے روز غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم دو افراد جاں بحق جبکہ سات دیگر زخمی ہوگئے، جن میں ایک چار سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ ایک فضائی حملے میں وسطی غزہ کے علاقے الزوایدہ میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے عمارت کے مالکان کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ دیے جانے کے بعد یہ حملہ کیا گیا فلسطینی طبی عملے نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں اڑنے والا ملبہ اور شیل کے ٹکڑے کئی درجن میٹر کے علاقے میں پھیل گئے، جس سے کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں چار سالہ محمد عبدالسلام طٰہٰ بھی شامل تھا، جو بعد ازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق حملے کے نتیجے میں نشانہ بننے والی عمارت مڑی ہوئی دھات اور کنکریٹ کے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔ قریب ہی پناہ لینے والے بے گھر فلسطینی ابو احمد نے کہا، ’’یہاں کوئی جنگ بندی نہیں ہے، کچھ بھی نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم حل چاہتے ہیں، ہم امن کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔‘‘فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق دوسرا اسرائیلی فضائی حملہ قریبی نصیرات پناہ گزین کیمپ میں کیا گیا۔ حکام کے مطابق اس حملے میں کم از کم ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ مزید ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ دونوں فضائی حملوں کے واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے۔