
قاہرہ، 24 اگست 2026 (ویب ڈیسک): غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں دو کمسن بچوں سمیت کم از کم 4 فلسطینی جاں بحق ہوگئے، فلسطینی طبی حکام نے تصدیق کی ہے۔ طبی عملے اور اہل خانہ کے مطابق جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں 10 سالہ امل ابو خاطر اپنے خاندان کے خیمے میں کھانا کھا رہی تھی کہ اسے کمر میں گولی لگی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئی۔ طبی عملے اور لواحقین کا کہنا ہے کہ فائرنگ مشرقی سمت میں موجود اسرائیلی فورسز کی جانب سے کی گئی۔ فلسطینی طبی حکام کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران یہ تازہ ہلاکتیں ہیں، جبکہ علاقے میں شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔غزہ میں جاری تشدد کے باعث شہریوں کو شدید انسانی بحران کا سامنا ہے، جبکہ مسلسل حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔