Thursday, August 27

عمران خان کی بہن کا توہین عدالت کی درخواست پر فوری سماعت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع

 

Imran Khan’s Sister Seeks Urgent SC Hearing on Contempt Petition

اسلام آباد، 27 اگست 2026 (کامران راجہ): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق دائر توہین عدالت کی درخواست پر فوری سماعت کی استدعا کردی۔اپنی تازہ درخواست میں عظمیٰ خان نے مؤقف اختیار کیا کہ جیل میں رہنے کے دوران عمران خان کی صحت خراب ہورہی ہے اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے برخلاف انہیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ عمران خان کو مکمل طبی معائنے اور ضروری علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی جائے۔ عظمیٰ خان نے مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کیا گیا، لہٰذا عدالت اپنے احکامات پر فوری اور مکمل عمل درآمد یقینی بنائے۔ درخواست میں کہا گیا کہ عدالتی احکامات پر مسلسل عمل درآمد نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ مقدمات کی سماعت مقرر کرنے سے متعلق پالیسی توہین عدالت کی درخواست پر فوری سماعت میں رکاوٹ نہیں بنتی۔ درخواست کے مطابق فوری سماعت کے لیے پہلے دی گئی درخواست 25 اگست کو مسترد کردی گئی تھی، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ درخواست چیف جسٹس کی جانب سے مسترد کی گئی تھی۔ عظمیٰ خان نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ توہین عدالت کی درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے اور عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے حوالے سے مناسب احکامات جاری کیے جائیں۔