
اسلام آباد، 3 اکتوبر 2026 (نوشین): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صومالیہ میں قزاقوں کے قبضے سے یرغمالیوں کو بازیاب کرانے کے آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ کے لیے فی خاندان 1 کروڑ 25 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے جاں بحق پاکستانیوں کے بچوں کے لیے مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر متاثرہ خاندان کو ایک گھر دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری سید کاشف عمر کے بیٹے اذان کاشف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور اس مشکل وقت میں انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سید کاشف عمر، محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ خان کے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے فی خاندان 1 کروڑ 25 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔ وزیراعظم نے وزارت خارجہ اور متعلقہ اداروں کو جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں جلد از جلد وطن واپس لانے کے لیے کوششیں تیز کرنے اور صومالی حکام سمیت دیگر متعلقہ فریقوں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صومالیہ میں زخمی ہونے والے پاکستانیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے اور دیگر پاکستانی عملے کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ صومالی فورسز کی جانب سے جہاز ’’آنر 25‘‘ کے عملے کو بازیاب کرانے کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران 5 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ جہاز کے عملے کو مبینہ طور پر 5 ماہ سے قزاقوں نے یرغمال بنا رکھا تھا، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔